ناٹنگھم ۔10جولائی( سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے خلاف یہاںکھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن جہاں ہندوستان کے اوپنر مرلی وجئے نے شاندار 146رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ان کے ہمراہ کپتان مہیندر سنگھ دھونی جو سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوئے لیکن انہوں نے 82رنز کی ایک شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو ملنے والی بہتر شروعات کو مستحکم موقف میںپہنچانے میں کلیدی رول ادا کیا ‘ جیسا کہ وجئے اور دھونی کے درمیان پانچویں وکٹ کیلئے 126رنز کی پارٹنرشپ رہی ۔ حالانکہ اس جوڑی نے 2.42 کی اوسط سے سست رنز بنائے تاہم ٹیم کو مستحکم موقف فراہم کرنے میں کلیدی رول ادا کیاہے ۔ وجئے نے 361 گیندوں میں 25چوکوں اور
ایک چھکے کی مدد سے 146رنز بنائے جبکہ دھونی 152گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 7چوکے لگائے ۔ 304رنز کے مجموعی اسکور پر وجئے کی شکل میں یہ پارٹنرشپ ٹوٹی ‘ جس کے بعد رویندر جڈیجہ (25) نے اپنی مختصر اننگز میںجارحانہ رویہ اختیار کرتے ہویء 24گیندوں میں دو چوکے اور دو چھکے بھی لگائے لیکن وہ دیر تک وکٹ پر نہیں ٹھہر پائے ۔ اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے اسٹیورٹ بنّی 11گیندوں میں صرف ایک رن بناپائے ۔ جب کہ ایشانت شرما نے بھی صرف ایک رن بنایا لیکن انگلش بولروں کو آخری جوڑی محمد سمیع اور بھونیشور کمار نے کافی پریشان کیا ۔ تادم تحریر ہندوستان نے 421/9رنز بنائے جس میں کمار 41اور سمیع 32رنز کے علاوہ دونوں نے 75 رنز کی پارٹنرشپ بھی نبھالی ہے ۔
سنچری اسکور کرنے پر مرلی وجئے مسرور
ناٹنگھم ۔10جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) بیرون ملک اپنے کریئر کی پہلی سنچری اسکور کرنے پر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنرمرلی وجئے کافی مسرور ہیں اور انہوں نے کہا کہ جو ایک خواب تھا اب وہ حقیقت میں تبدیل ہوچکاہے ۔ مرلی وجئے نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ کے پہلے دن ناقابل تسخیر 122رنز کی اننگز کھیلی جو کہ ان کی کریئر کی چوتھی سنچری رہی ۔ وجئے کے بموجب نٹس اور پریکٹس مقابلوں میں وہ گیند کو بہتر کھیل پارہے تھے جس کا نتیجہ مقابلہ میں سنچری کی شکل میںحاصل ہواہے ۔