گانگزو، 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک کھلاڑی کے خلاف شروعاتی مقابلہ ہارنے کے بعد ہندستان کے سمیر ورما نے زبردست واپسی کرتے ہوئے ورلڈ ٹور فائنلس بیڈمنٹن ٹورنمنٹ کے دوسرے گروپ بی میچ میں انڈونیشیا کے ٹومی سوگیارتو کو شکست سے دو چار کر دیا۔سمیر نے 40 منٹ تک چلے میچ میں سوگیارتو کو راست گیموں میں 21-16، 21-7 سے شکست دی۔ دنیا کے 14 ویں نمبر کے ہندوستانی کھلاڑی نے انڈونیشیا کے کھلاڑی کو شکست دینے کے ساتھ ان کے خلاف اپنا کریئر ریکارڈ 2-1 کر دیا ہے ۔ہندستانی شٹلر نے میچ میں ابتدائی 8-6 کی برتری بنائی اور کھیل کے وسط میں مسلسل پانچ پوائنٹس لے کر اسے 11-7 پہنچا دیا۔ پہلے گیم کے وقفے کے وقت اگرچہ انڈونیشیا کھلاڑی نے سمیر کو سخت ٹکر دیتے ہوئے اسکور 17-16 پہنچا دیا لیکن سمیر نے 21-16 سے گیم جیت لیا۔دوسرے گیم میں اگرچہ 10 ویں رینک کھلاڑی سوگیارتو تال کھو بیٹھے اور سمیر کے آگے چیلنج ہی پیش نہیں کر سکے ۔ گیم میں 5-5 کی برابری کے بعد سمیر نے مسلسل نو پوائنٹس لے کر 16-6 کی یکطرفہ برتری لی اور بالآخر 21-7 سے گیم اپنے نام کیا۔مرد سنگلز گروپ بی میں سمیر ابھی ایک پوائنٹس لے کر دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ پہلے میچ میں ان کو شکست دینے والے دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی جاپان کے کیتو موموتا دو پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔