برخلاف توقع انتخاب پر خوشی ، میڈل کیساتھ واپسی کا عزم
نئی دہلی۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی چمپین شپ مقابلوں میں راست داخلہ پانے کے بعد ہندوستانی شٹلر سمیر ورما نے کہا کہ انہیں اس ٹورنمنٹ میں کوالیفائی ہونے کی توقع نہیں تھی لیکن اب وہ اس باوقار ٹورنمنٹ سے میڈل کے ساتھ واپس آنا چاہتے ہیں۔ سمیر نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’مئی میں مجھے کوالیفائی ہونے کا موقع تھا، لیکن سنگاپور میں بہتر مظاہرہ نہیں کرسکا۔ سائی (پرنیت) نے کامیابی حاصل کی اور سریکانت فائنل تک پہونچے تھے۔ درجہ بندی میں کمی و اضافہ ہورہا تھا۔ میں جانتا تھا کہ کسی کی دستبرداری کی صورت میں میرے لئے ایک یا دو فیصد موقع تھا، لیکن اس (راست داخلے کی) امید نہیں تھی‘‘۔ دھار سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ سمیر ورما اچھی فام میں ہیں۔ جنوری میں انہوں نے سید مودی انٹرنیشنل میں اپنا پہلا گرینڈ پری گولڈ جیتا تھا اور انڈیا سوپر سیریز کے کوارٹر فائنلس میں بھی پہونچے تھے۔ وہ سنگاپور اوپن میں بھی کھیل چکے تھے لیکن سخت ترین مشقوں کے دوران زخمی ہونے کے سبب جون میں منعقدہ انڈونیشیا اور آسٹریلیا اوپن سوپر سیریز میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔