کولکتہ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کانگریس کے ریاستی صدر سمن مترا نے سہ شنبہ کو سی پی آئی (ایم) کے قائد پرکاش کرت پر راہول گاندھی پر تنقید کرنے پر سخت جوابی نکتہ چینی کی اور کہا کہ اس سے بائیں بازو کی جماعتوں کی مایوسی کا اظہار ہوتا ہے۔ کانگریس نے گزشتہ اتوار کو اعلان کیا تھا کہ سونیا گاندھی کے سپوت راہول اترپردیش کے امیٹھی کے لوک سبھا حلقہ کے علاوہ کیرالا سے ویاناڈ لوک سبھا نشست سے بھی انتخاب لڑیں گے۔ کانگریس سے سخت ناراض کرت نے اس پر الزام لگایا کہ لوک سبھا الیکشن سے پہلے ہی کانگریس کو اپنے منصوبے میں ناکام ہوجائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بائیں بازو کی سیاسی جماعت کیرالا میں کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو شکست دینے کیلئے باہم مل کر کام کریں گی۔ کیرالا بائیں بازو کا آخری گڑھ ہے۔ مترا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پرکاش کرت کا یہ بیان نومشقوں جیسا ہے اور اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ وہ بی جے پی کے لیڈر کی طرح بات کررہے ہیں۔ مترا نے کہا کہ راہول گاندھی تین میعادوں سے امیٹھی سے لوک سبھا کے رکن رہے ہیں اور جمہوریت میں کوئی بھی شخص کسی بھی مقام سے انتخاب لڑ سکتا ہے۔ مترا نے بتایا کہ کرت ہمیں مقابلے سے روکنے والے کون ہوتے ہیں؟ کیا یہ پارلیمانی نشست ان کی جاگیر ہے؟اگر انہیں یہاں سے جیتنے کا یقین ہے تو وہ ضرور مقابلہ کریں بجائے اس کے کہ ہمیں یہ لیکچر دیں کہ ہمیں کہاں سے مقابلہ کرنا ہے اور کہاں سے نہیں‘‘۔