نئی دہلی ، 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سمرتی ایرانی کی لوک سبھا میں تیزوطرار تقریر کے بعد وزیراعظم نریندر مودی کے ’ستیہ میو جیتے‘ ٹوئٹ پر سخت جوابی وار میں راہول گاندھی نے آج اُن سے اپیل کی کہ روہت ویمولا کی ماں کی بپتا بھی سنیں، جو وہی دلت اسکالر ہے جسے خودکشی پر مجبور ہونا پڑا۔ راہول نے ٹوئٹر پر کہا، ’’ستیہ میو جیتے! مودی جی ، روہت ویمولا کی ماں کے یہ الفاظ بھی سنیں۔‘‘ یہ مختصر ٹوئٹ وزیراعظم کے ٹوئٹ ’ستیہ میو جیتے‘ کے جواب میں ہے جو وزیر ایچ آر ڈی کی جے این یو تنازعہ اور روہت مسئلہ پر چہارشنبہ کو تقریر کے فوری بعد کیا گیا تھا۔ روہت کی ماں رادھیکا نے سمرتی پر جوابی تنقید میں برہمی کے ساتھ کہا تھا: ’’میرا بیٹا شدید تناؤ سے دوچار کئے جانے پر مرگیا۔ اس حکومت کو مزید کتنی اموات درکار ہوں گی کہ وہ انصاف کرے گی؟‘‘ راہول کا ٹوئٹ ایسے روز سامنے آیا ہے جبکہ کانگریس نے اعلان کیا کہ وہ روہت ویمولا مسئلہ پر لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں پارلیمانی ایوانوں میں سمرتی ایرانی کے خلاف تحریک مراعات پیش کرے گی۔ دیگر اپوزیشن پارٹیاں بھی کانگریس کا ساتھ دے رہی ہیں۔