نئی دہلی ، 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ میں جاری سیاسی کشاکش میں شدت پیدا کرتے ہوئے بڑی اپوزیشن جماعتوں نے آج کہا کہ وہ وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کے خلاف تحریک مراعات پیش کریں گی کیونکہ انھوں نے حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں دلت اسکالر روہت ویمولا کی خودکشی کے بارے میں پارلیمنٹ میں جھوٹی باتیں کہی ہیں۔ کانگریس اور اس کے ساتھ سی پی آئی (ایم) اور جنتا دل (یو) نے سمرتی پر پارلیمنٹ کو دانستہ گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا اور وزیر موصوفہ پر جوابی تنقید کی، جنھوں نے جے این یو اور حیدرآباد یونیورسٹی تنازعات پر منعقدہ مباحث کے دوران نائب صدر کانگریس راہول گاندھی اور بائیں بازو کو نشانہ بنایا تھا۔
راجیندر سنگھ نئے کوسٹ گارڈ سربراہ
نئی دہلی ، 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)راجیندر سنگھ نے آج انڈین کوسٹ گارڈ کے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرلیا۔ وہ اس اعلیٰ عہدہ پر فائز ہونے والے پہلے غیرنیوی آفیسر ہیں۔ انڈین کوسٹ گارڈ کے 1980ء کے پہلے بیاچ سے تعلق رکھنے والے راجیندر سنگھ جو 26/11 کے دہشت گردانہ حملوں کے دوران انسپکٹر جنرل (ویسٹ ریجن) تھے، وائس اڈمیرل ایچ سی ایس بشٹ کے جانشین بنے ہیں۔ ایک سرکاری بیان میں آج کہا گیا کہ بشٹ فلیگ آفیسر کمانڈنگ اِن چیف ایسٹرن نول کمانڈ کا جائزہ لیں گے۔