سمرتی ایرانی کے جلسہ میں 150 عام آدمی پارٹی ارکان بی جے پی میں شامل

نئی دہلی۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے 150 سے زیادہ ارکان شکور بستی میں منعقدہ ایک جلسہ عام میں بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ اس جلسے میں مرکزی وزیر سمرتی ایرانی بھی شریک تھیں۔ مبینہ طور پر یہ ارکان عام آدمی پارٹی کے مقامی امیدوار ستیندر جین سے ناراض ہیں۔ پارٹی کے مقامی جوائنٹ کنوینر بھون شرما نے انحراف کرنے والے گروپ کی قیادت کی۔ بعدازاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سمرتی ایرانی نے اوسط طبقہ کو ترغیب دینے کی کوشش کی اور خواتین کے تحفظ، کرپشن، تعلیم اور ترقی کے مسائل پر خطاب کیا۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ کرن بیدی کو ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو خواتین کی دیکھ بھال کرے۔ اوسط طبقہ کے مسائل حل کریں اور یہ کارنامہ صرف کرن بیدی کی قیادت میں انجام دیا جاسکتا ہے چنانچہ ترقی ، روزگار اور تعلیم کے حق میں ووٹ دیں۔ بعدازاں ایک اور روڈ شو میں سمرتی ایرانی کو عوام کو جمع کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ یہاں عاپ کا جلسہ بھی ہورہا تھا۔