لوک سبھا میں اپوزیشن کا احتجاج، اسپیکر سمترا مہاجن برہم
نئی دہلی 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کو آج لوک سبھا میں پھر ایک بار اپوزیشن کی تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد اسپیکر نے مجبور ہوکر انھیں وزیر کے خلاف پیش کردہ تحریک مراعات شکنی نوٹس پر بات کرنے کی اجازت دے دی۔ کانگریس اور بائیں بازو ارکان نے سمرتی ایرانی پر گزشتہ ہفتہ دلت اسکالر روہت ویمولا کی حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں خودکشی کے تعلق سے انتہائی جھوٹ پر مبنی بیان دیتے ہوئے ایوان کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ اس وقت سمرتی ایرانی ایوان میں موجود نہیں تھیں لیکن اسپیکر سمترا مہاجن نے اپوزیشن ارکان کی مسلسل نعرے بازی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انھوں نے غصہ سے کہاکہ آپ اسپیکر کے خلاف بھی نعرے لگارہے ہیں۔ آج آپ نے اچھا نہیں کیا۔ اس کے بعد انھوں نے اپوزیشن کو بات کرنے کی اجازت دی لیکن یہ بھی کہاکہ اسے ایک مثال نہیں بنایا جانا چاہئے۔