نئی دہلی ۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ممتاز رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا کیلئے 8 مرتبہ کامیابی حاصل کرنے والی سمترا مہاجن (71 سال) کو لوک سبھا اسپیکر مقرر کیا جارہا ہے۔ وہ 1989ء سے اندور کی نمائندگی کررہی ہیں۔ نریندر مودی نے اس اہم ترین عہدہ کیلئے سمترا مہاجن کو مناسب سمجھا کیونکہ مشکل حالات میں وہ حکومت کیلئے مسائل پیدا ہونے نہیں دیںگی۔ سمترا مہاجن کے انتخاب سے یہ بات طئے ہیکہ آئندہ لوک سبھا اسپیکر بھی خاتون ہی ہوںگی جبکہ ان سے پہلے کانگریس کی میرا کمار اس عہدہ پر فائز رہ چکی ہیں۔
پارلیمنٹ کا 4 تا 12 جون مختصر سیشن
نئی دہلی ۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کے مختصر سیشن کا آئندہ ماہ 4 تا 12 جون کو انعقاد عمل میں آنے کی توقع ہے۔ اس کے کچھ وقفہ کے بعد مکمل بجٹ سیشن منعقد ہوگا۔ ذرائع نے کہا کہ کل مرکزی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوگا۔ اس میں پارلیمنٹ کا ایک مختصر سیشن طلب کرنے کے فیصلہ کو قطعیت دی جائے گی۔ نریندر مودی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ پہلا سیشن ہوگا۔ پارلیمنٹ میں نئے منتخب ارکان کو اسپیکر کی جانب سے حلف دلایا جائے گا۔ سمترا مہاجن کو لوک سبھا اسپیکر بنایا گیا ہے۔ سابق وزیرپارلیمانی امور اور کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ عبوری اسپیکر ہوں گے جو اسپیکر کے انتخابات تک اپنی خدمات انجام دیں گے۔