نئی دہلی۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) سینئر بی جے پی لیڈر سمترا مہاجن لوک سبھا کی اسپیکر ہوں گی۔ وہ ایک تجربہ کار رکن پارلیمنٹ ہیں اور اس اہم ترین عہدہ پر متواتر دوسری مرتبہ خاتون کی نامزدگی یقینی نظر آرہی ہے۔ 71 سالہ سمترا مہاجن مدھیہ پردیش سے 8 مرتبہ رکن پارلیمان رہ چکی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے اسپیکر کا عہدہ قبول کرلیا ہے اور نامزدگی کا کسی بھی وقت اعلان کیا جاسکتا ہے۔ قبل ازیں صدر بی جے پی راج ناتھ سنگھ نے سمترا مہاجن کو نئی ذمہ داری دیئے جانے کے بارے میں اِشارہ دیا تھا۔ اسپیکر کا انتخاب جمعہ کو ہوگا ۔ اگر وہ منتخب ہوتی ہیں تو متواتر دوسری مرتبہ کسی خاتون کو اسپیکر کے جلیل القدر عہدہ پر فائز رہنے کا اعزاز حاصل ہوگا۔ اس سے پہلے میرا کمار لوک سبھا اسپیکر تھیں۔ سمترا مہاجن کو 1989ء کے بعد سے اب تک کسی بھی لوک سبھا انتخابات میں شکست نہیں ہوئی۔ وہ آٹھویں مرتبہ اندور سے منتخب ہوئی ہیں اور حالیہ انتخابات میں انہوں نے 4.67 لاکھ ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ اٹل بہاری واجپائی حکومت میں 1999ء تا 2004ء وہ مملکتی وزیر رہ چکی ہیں۔ سولہویں لوک سبھا کا ایک ہفتہ طویل اجلاس آج شروع ہوا اور پہلے دن مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جن کا کل سڑک حادثہ میں انتقال ہوگیا ۔ اس کے بعد ایوان کی کارروائی ایک دن کیلئے ملتوی کردی گئی۔