سماج کی اصلاح ، طالبات کا اہم فریضہ

کورٹلہ ۔ 24 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا سید احمد ومیض ندوی استاذ دارالعلوم حیدرآباد نے مدرسہ مظاہرالعلوم محلہ نعیم نگر کورٹلہ میں جلسہ بخاری شریف سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شریعت اسلامی کے دو بنیادی حافظ ہیں جن کو ہم حاکم شریعت کہتے ہیں۔ ان میں سب سے پہلا درجہ قرآن شریف ، دوسرا درجہ حدیث شریف کو حاصل ہے ۔ حدیث کے بغیر انسان کا قرآن شریف پر عمل کرنا مشکل ہے۔ جس طرح قرآن شریف سے کوئی دین کا کوئی حکم ثابت ہو تو اس پر عمل کرنا ضروری ہے اسی طرح حدیث شریف سے بھی کوئی دین کا عمل ثابت ہو اس پر بھی عمل کرنا ضروری ہے ۔ حدیث شریف اﷲ تعالیٰ کے رسول محمد مصطفی صلی اﷲ علیہ و سلم کے زمانے سے ہی محفوظ ہوتی آرہی ہے ۔ طالبات کو یہ بات اچھی طرح معلوم ہونی چاہئے کہ بخاری شریف کے بارے میں علماء کا یہ اتفاق ہے کہ قرآن شریف کے بعد ساری کتابوں میں بخاری شریف کو ممتاز مقام حاصل ہے ۔ مولانا نے کہاکہ امام بخاری رحمتہ اﷲ علیہ کے والد اپنے زمانے کے مشہور محدث تھے ۔ بچپن میں ہی امام بخاری کے والد کا انتقال ہوگیا۔ باپ کے انتقال کے بعد امام بخاری کی بینائی بھی چلی گئی ۔ امام بخاری کی والدہ اپنے لڑکے کی بینائی چلے جانے سے کافی پریشان تھیں ۔ ماں کی دعاؤں کا نتیجہ تھا کہ امام بخاری محدث بنے ۔ انھوں نے خواتین سے کہا کہ وہ اپنی اولاد کی صحیح تربیت کیلئے امام بخاری کی والدہ کے نقش قدم پر چلیں۔ مولانا نے کہا کہ امام بخاری کی والدہ کا یہ حال تھا کہ انھوں نے اپنے لڑکے کے پیٹ میں ایک لقمہ بھی حرام کا جانے نہیں دیا۔ مولانا نے مسلمانوں سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو حلال رزق کھلائیں۔ انھوں نے طالبات سے کہا کہ وہ نیتوں کو درست رکھیں کیونکہ نیت کے بغیر بڑے سے بڑا اور نیک عمل بھی بیکار ہے ۔ عورتوں اور سماج کی اصلاح کرنا طالبات کا اہم فریضہ ہے ۔ مبارکباد ہیں وہ طالات جو مدرسہ مظاہرالعلوم کورٹلہ میں تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ مولانا مفتی معبود ناظم مدرسہ مظاہرالعلوم کورٹہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہر عمل کا دارومدار نیت پر ہوتا ہے ۔