سماج کو منشیات سے پاک کرنے کی ضرورت ہے : وینکیا نائیڈو

حیدرآباد 30جولائی (سیاست ڈاٹ کام )این ڈی اے کے نائب صدر جمہوریہ کے امیدوار وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ منشیات ایک لعنت ہے جس کے خاتمہ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے شہر حیدرآباد کے کاسو برہمانند ریڈی پارک سے جوبلی ہلز چیک پوسٹ تک آج صبح مودی آرٹسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے نکالی گئی واک کو جھنڈی دکھائی ۔ اس واک کو ”منشیات کو نہ کہیں”نام دیا گیا تھا۔ اس پروگرام میں وینکیانائیڈو نے مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سماج کو منشیات سے پاک کرنے کی ضرورت ہے ۔یہ مسئلہ فلم انڈسٹری ،طلبہ کا نہیں ہے بلکہ یہ ایک سماجی مسئلہ ہے جس کے خاتمہ کی ضرورت ہے ۔ا نہوں نے کہاکہ منشیات کے عادی افراد اس ممنوعہ شئے کا استعمال کرتے ہوئے اپنے جسم کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔اس کے خلاف مہم میں تمام کو شراکت دار بننے کی ضرورت ہے ۔اس میں میڈیا کا بھی اہم رول ہونا چاہئے ۔منشیات سے پاک سماج کی تشکیل کی مساعی میں تمام کو آگے آنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈرگس فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنا چاہئے ۔واضح رہے کہ تلگو فلم انڈسٹری کو دہلا کر رکھ دینے والے اس منشیات کے مافیا سے متعلق عوام میں بیداری پیداکرنے کے لئے ہی اس واک کا بڑے پیمانہ پر اہتمام کیا گیا جس میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ضعیف افراد نے بھی شرکت کی جنہوں نے حیدرآباد کو منشیات کی لعنت سے پاک بنانے کا عزم کیا اور کہا کہ ہر کسی کو اس طرح کے پروگرام میں آگے آتے ہوئے اس لعنت کے خاتمہ کے لئے اپنا رول اداکرنا ہوگا تب ہی اس کا مکمل طورپر خاتمہ ہوسکے گا۔ان شرکا نے اس بہتر کاز کے لئے اپنی مکمل حمایت کا بھی اعلان کیا۔