سماج کوغیر قانونی سرگرمیوں سے پاک بنانے کی مساعی

بھینسہ میں پولیس کارڈن سرچ ، ایس پی ششی دھر راجو کا خطاب
بھینسہ۔/9 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ کے پیری کالونی اور شیواجی نگر میں صبح کی اولین ساعتوں میں ضلع نرمل ایس پی ششی دھر راجو کی قیادت میں کارڈن سرچ آپریشن انجام دیا گیا، جس میں بھینسہ ڈی ایس پی اندے راملو، ٹاون سرکل اور پولیس جوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پولیس عہدیداران نے مذکورہ علاقوں کے تمام مکانات پر پہنچ کر پوچھ تاچھ کرتے ہوئے تلاشی لی۔ اس موقع پر ضلع نرمل ایس پی ششی دھر راجو نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ بھینسہ شہر کے پیری کالونی اور شیواجی نگر میں کارڈن سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی۔ اس دوران کاغذات کی عدم دستیابی پر 98 موٹر سیکلیں، 20 آٹوز اور غیر قانونی ریت منتقل کرنے والے دو ٹریکٹروں کو ضبط کیا گیا اور مکمل تحقیقات کرتے ہوئے کارروائی انجا م دی جائے گی۔ بعد ازاں محکمہ پولیس کی جانب سے مذکورہ علاقہ میں کارڈن سرچ آپریشن سے متعلق عوامی شعور بیداری اجلاس کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے علاقہ میں کارڈن سرچ آپریشن سے متعلق عوامی شعور بیداری اجلاس کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے علاقہ کے ذمہ داران اور عوام کو مدعو کیا گیا۔ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ایس پی ششی دھر راجو نے کہا کہ پولیس سماج کو غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک بنانے کیلئے کارڈن سرچ آپریشن انجام دے رہی ہے تاکہ نامعلوم افراد کی شناخت کی جاسکے اور سماج میں بدعنوانیاں پھیلانے والے اور غیر قانونی سرگرمیاں انجام دینے والے افراد پر کڑی نظر رکھی جاسکے ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی ہے کہ اپنے اطراف اور علاقہ میں انجان افراد کی شناخت کرتے ہوئے نظر رکھیں اور کسی بھی غیر مقامی انجان افراد کو مکان کرایہ پر فراہم کرنے سے قبل اس کی مکمل تصدیق کرتے ہوئے شناختی کارڈ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی گاڑیوں کی خرید و فروخت کاغذات کی موجودگی پر ہی انجام دی جائے تاکہ کسی بھی قسم کی دھاندلی یا دھوکہ دہی کا معاملہ پیش نہ آئے۔ اس موقع پر علاقہ کی عوام کی جانب سے مذکورہ پولیس عہدیدارن کی شال پوشی بھی کی گئی۔