غازی پور (یو پی ) ۔ 7 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پار ٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے آج NRHM اسکام کے ملزم بابو سنگھ کشورہا کو بے قصور قرار دیتے ہوئے پارٹی کی لوک سبھا امیدوار اور کشورہا کی بیوی شیو کنیا کشورہا کی تائید کرنے کی اپیل کی ۔ ایک انتخابی ریالی سے خطاب کے دوران ملائم سنگھ نے کہا کہ کشورہا بے قصور ہے اور خاطی آزاد گھوم رہے ہیں جبکہ معصوم کشورہا کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈھکیل دیا گیا ہے ۔ کشورہا کے بے قصور ہونے کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہوسکتا ہے کہ ہم نے اس کی بیوی کو لوک سبھا انتخابات کیلئے پار ٹی کا امیدوار منتخب کیا ہے ۔ لہذا اب یہ آپ کی (عوام) ذمہ داری ہے کہ انہیں ووٹ دیکر کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ شیو کنیا امیدوں کے ساتھ یہاں آئی ہیں ، لہذا آپ انہیں مایوس نہ کریں۔