سماج وادی پارٹی سرکاری مشنری کا غلط استعمال کرے گی: امیت شاہ

وارناسی 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی لیڈر امیت شاہ نے آج الزام عائد کیاکہ اترپردیش میں حکمراں سماج وادی پارٹی سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کرسکتی ہے تاکہ ریاست میں آخری دو مرحلوں کی پولنگ میں انتخابی عمل پر اثرانداز ہوسکے۔ اُنھوں نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ وہ بوتھس پر قبضوں کے واقعات کو روکنے کے لئے نیم فوجی دستوں کی زائد جمعیت تعینات کی جائے۔ امیت شاہ نے کہاکہ ہم نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریاست کے تمام بوتھس پر نیم فوجی دستوں کو تعینات کرے تاکہ سماج وادی پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے بوتھس پر قبضوں کے واقعات کو روکا جاسکے۔ یو پی میں پہلے مرحلہ کے دو انتخابات 24 اور 30 اپریل کو منعقد ہوئے ہیں۔ اِس دوران بھی سماج وادی پارٹی نے کئی علاقوں میں بوتھوں پر قبضہ کیا تھا۔ بی جے پی نے الیکشن کمیشن سے اس طرح کے واقعات سے متعلق پہلے ہی شکایت کردی تھی۔ لیکن الیکشن کمیشن نے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔