سماجی خدمات کے جذبہ سے تعلیمی اداروں کے قیام پر زور

وقار آباد /5 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع رنگا ریڈی وقار آباد کے موضع مدگل چٹم پلی میں حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسلنس کا وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ایس ستیہ نارائنا کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ اس پروگرام میں بطور مہمانان خصوصی جناب اے کے خان ڈائرکٹر جنرل پولیس اینٹی کرپشن بیورو، جناب انوارالہدیٰ ڈائرکٹر جنرل پولیس و منیجنگ ڈائرکٹر پولیس ہاؤزنگ کارپوریشن اور محترمہ تسنیم عثمانی ڈائرکٹر ایجوکیٹ انڈیا فنڈ شکاگو نے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ایس ستیہ نارائنا نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سائنٹفک اور نئی ٹیکنالوجی کے اس مسابقتی دور میں آگے بڑھنے کے لئے طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا بہت ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں پہلا مقام رکھنے والا ملک چین ہے، لہذا ملک چین کی طرح علم ٹیکنالوجی کے ذریعہ اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ دولت مند افراد سماجی خدمات کے جذبہ سے ایسے تعلیمی ادارے قائم کریں، جس سے غریب اور کمزور طبقات کے طلبہ استفادہ کرسکیں۔ اساتذہ اور طلبہ ملک کی ترقی کے لئے عزم مصمم کرتے ہوئے اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کی کوشش کریں، جب کہ مواضعات کے طلبہ میں مقاصد کی تکمیل کا عزم ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا ملک ٹیکنالوجی میں کمی کے سبب پیچھے ہوتا جا رہا ہے، لہذا ہمیں دیگر ممالک پر انحصار کرنے کی بجائے ازخود ہر شعبہ میں آگے بڑھنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ اپنے ذاتی اغراض کے لئے نہیں، بلکہ ہمیں ملک کی ترقی کے لئے یکجہتی کے ساتھ کوشش کرنی چاہئے۔ ڈی جی پی اینٹی کرپشن بیورو اے کے خان نے کہا کہ غریبی تعلیم کے حصول میں کبھی رکاوٹ نہیں ہوتی۔ طلبہ اپنی چھپی ہوئی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے ترقی پاسکتے ہیں۔ طلبہ میں کرنے کی چاہ اور اجتماعی کوششیں ہوں تو کسی بھی رکاوٹ کو ختم کرکے آگے بڑھا جاسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ طلبہ کو مثالی شہری بنانے کی ذمہ داری اساتذہ اور والدین پر ہے۔ طلبہ کو چاہئے کہ ملک کی ترقی کے لئے یکجہتی کے ساتھ کوشش کریں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس ہاؤزنگ کارپوریشن جناب انوارالہدیٰ نے کہا کہ طالب علم کی سطح سے ہی بے ایمانی کے خلاف آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبہ میں اخلاق اور انسانیت کے جذبہ کو ابھارنے کی کوشش کرنی چاہئے اور اخلاقی تعلیم سے آراستہ کرنا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ غریب اور امیر سب مل کر ملک کی ترقی کے لئے کوشش کریں۔ حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسلنس کے چیرمین جناب غیاث الدین بابو خان نے کہا کہ ہمارے ادارہ کا مقصد غریب اور مستحق خاندان کے قابلیت رکھنے والے طلبہ کی ہمت افزائی کرتے ہوئے انھیں ترقی کی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔ اس موقع پر ادارہ کے عہدہ دار، ٹرسٹ کے ارکان، ماہرین تعلیم اور دیگر بھی موجود تھے۔