سماجی انصاف اور عوامی خدمت ، تلگودیشم کا نصب العین

جگتیال میں منی مہاناڈو سے لوکیش بابو اور دیگر قائدین کا خطاب
جگتیال ۔ 21 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہمارے پاس بدعنوانیوں کے ذریعہ کمائی ہوئی رقم سے قائم کردہ نہ کوئی اخبار نہ کوئی ٹی وی چیانل ہے ورنہ ہم بھی آج جیل میں رہتے۔ آج ریاست بدعنوان حکمراں کی وجہ سے راہ بھٹک چکی ہے ، ریاست کو دوبارہ صحیح راہ پر لانے والے باصلاحیت تجربہ کار عوامی خدمت گذار قائد کی ضرورت ہے جو تلگودیشم پارٹی قائد این چندرابابو نائیڈو سے ہی ممکن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سیاسی میدان میں ابھرتا ہوا قائد تلگودیشم پارٹی سربراہ این چندرابابو نائیڈو کے فرزند این لوکیش بابو نے کل جگتیال میں منعقدہ منی مہاناڈو پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ سماجی انصاف تمام طبقات کو حقوق کی فراہمی اور عوامی خدمت ہی تلگودیشم کانصب العین ہے ۔ بدعنوان حکومت کی وجہ سے ریاست بہت پیچھے ہوچکی ہے جبکہ دیگر ریاستیں آگے نکل چکی ہیں۔ یہاں کی حکومت ہمارے بچوں کے مستقبل کو تباہ کرنے کے دہانے پر ہے ۔ تعلیم کیلئے صحیح سہولیات اور مواقع فراہم نہیں کئے جارہے ہیں اور تعلیم یافتہ کو روزگار کے مواقع نہیں ہے ۔عوام کے توقعات کو پورا کرنے میںکانگریس حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے جس کیلئے چندرابابو نائیڈو نے اپنے افراد خاندان سے زیادہ عوامی مسائل اور کارکنوں کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پدیاترا کااہتمام کیا اور عوامی مسائل کی جانکاری حاصل کی ۔ انھوں نے تلگودیشم پارٹی میں ترقی کرتے ہوئے چند مفاد پرست لیڈروں پر عہدوں کی خاطر پارٹی چھوڑنے کا الزام عائد کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ایل رمنا نے کہا کہ عہدے ملے یا نہ ملے عوامی خدمت ہی میرا نصب العین ہے ۔ عوام کے ساتھ رہتے ہوئے تلگودیشم پارٹی میں ہی تاحیات رہونگا ۔ تلگودیشم پارٹی ہی سے عزت شہرت اور عہدے ملے اور حقیقت میں تلگودیشم پارٹی ہی عوامی خدمت گذار پارٹی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ بدعنوان لوٹ کھسوٹ سے کمائی ہوئی رقم اورآپس میں تقسیم کرلینے والے وزراء جیل میں ہیں اور چند جیل جانے والے ہیں۔ تلگودیشم کے ضلعی صدر وجئے رمنا راؤ اور دیگر پارٹی قائدین نے بھی مخاطب کیا، اس موقع پر رکن اسمبلی اور جگتیال تلگودیشم پارٹی کارکنوں کی جانب سے نارا لوکیش کو سرپر پگڑی باندھی اور مومنٹو پیش کیا گیا اور مسلم قائدین کی جانب سے امام ضامن ہاتھ پر باندھا گیا ۔ بعد ازاں تلگودیشم پارٹی جگتیال کی جانب سے تلگودیشم پارٹی کے لئے 23 سالہ خدمت پیش کرنے والے سینئر تلگودیشم قائدین کو تہنیت پیش کی گئی اور ساتھ ہی این ٹی آر آروگیا سیوا کے تحت طبی خدمات کیلئے اقدامات کرنے والے والینٹرس کو بھی تہنیت پیش کی گئی ۔ قابل غور بات یہ ہے کہ نارا لوکیش بابو نے اپنی تقریر کے دوران مینارٹیز کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ ایک ابھرتے ہوے قائد کی جانب سے مینارٹیز کو نظرانداز کردیئے جانے پر مسلمانوں میں مایوسی دیکھی گئی ۔ مہاناڈو پروگرام میں پارٹی ورکرس کی کثیرتعداد شریک تھی۔ ٹاؤن پریسیڈنٹ جگدیشور ، میناریٹی سیل ریاستی نائب صدر آمینہ بیگم ، شوکت خاں ، عبدالرحیم ، عبدالباری ، محمد کبیر ، اصغرمحمد خاں ، راشد احمد ، اصغر شاہ ، طیب علی ، صمد ، بالے شنکر ، ستیش اور دیگر کثیرتعداد میں موجود تھے۔