گھر داری کے ہر معاملے میں آپ کی سلیقہ شعاری ہی کام آتی ہے۔ مثلاً آپ نے گھر کی صفائی ستھرائی تو کرلی لیکن گھر کی چیزوں کو ہی ترتیب سے نہیں رکھا تو بھلا پھیلی ہوئی چیزیں اور بکھرا ہوا گھر صفائی ستھرائی کا تاثر کیا پیش کرے گا۔ اس کے علاوہ لڑکیوں میں خاص طور سے اپنی چیزیں سنبھال کر رکھنے کی عادت نہیں ہوتی اور اپنی لاپرواہی کے باعث وہ کوئی بھی چیز استعمال کرنے کے بعد اِدھر اُدھر ڈال کر بھول جاتی ہیں اور پھر ضرورت پڑنے پر اسے ڈھونڈتی پھرتی ہیں۔ یہ عادت آگے چل کر نقصان کا باعث بنتی ہے کیونکہ شادی کے بعد جب عملی زندگی کا آغاز ہوتا ہے تو یہی لاپرواہی آپ کو کسی بھی مشکل سے دوچار کرسکتی ہے۔