سلوا کی پہلی ٹسٹ سنچری، سری لنکا 375/5

ڈھاکہ ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی اوپنر کوشل سلوا نے اپنے ٹسٹ کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے یہاں شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن ٹیم کے موقف کو مستحکم کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ سلوا نے 139رنز اسکور کئے اور سری لنکا نے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر 375/5 رنز اسکور کرتے ہوئے مقابلہ میں مجموعی طور پر 143 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے کیونکہ مہمان ٹیم نے بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں 232 رنز پر ڈھیر کیا ہے۔ سیدھے ہاتھ کے اوپنر سلوا نے دیموتھ کرونارتنے (53) کے ہمراہ پہلی وکٹ کیلئے 118 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی جس کے بعد

سینئر کھلاڑی کمارا سنگاکارا (75) کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 155 رنز کا اضافہ کیا۔ سری لنکا چہارشنبہ کو اپنے کھیل کا آغاز کرتے ہوئے کوشش یہی کرے گی کہ وہ 2 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کے پہلے ٹسٹ میں زیادہ سے زیادہ سبقت حاصل کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو دوسری اننگ میں پریشان کرسکے۔ بنگلہ دیشی بولروں کو کافی جدوجہد کرنی پڑی اور آج کے ابتدائی سیشن میں انہیں صرف ایک کامیابی حاصل ہوسکی۔ سلوا اپنے ساتویں ٹسٹ میں سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے حالانکہ رواں ماہ وہ دبئی میں پاکستان کے خلاف منعقدہ سیریز میں 95 اور 58 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔ سلوا خوش قسمت رہے کیونکہ وکٹوں کے پیچھے بنگلہ دیشی کپتان مشفق الرحیم نے ان کا کیچ چھوڑا۔