سلمان خورشید کا خیال پارٹی سے مختلف ‘ لیکن اختلاف رائے کو بھرپور موقع

سابق وزیر خارجہ جیسے افراد کا تحفظ کیا جائیگا ۔ آر ایس ایس سے مقابلہ میں سبھی کا اتحاد ضروری ۔ راہول گاندھی کا خطاب
نئی دہلی 29 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس صدر راہول گاندھی نے کہا کہ وہ پارٹی میں اختلاف رائے کو پھلنے پھولنے کا موقع ضرور فراہم کرینگے لیکن اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام پارٹی قائدین کو آر ایس ایس سے مقابلہ میں متحد ہوکر آگے آنا ہوگا ۔ راہول گاندھی نے سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید کے حالیہ تبصرہ پر پہلی مرتبہ اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔ سلمان خورشید نے کہا تھا کہ کانگریس کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہیں۔ دہلی میں پارٹی کی جن آکروش ریلی میں خود سلمان خورشید بھی شریک تھے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی میں سینئر ‘ نوجوان قائدین اور پارٹی کارکنوں سب کو ایک نظر سے دیکھا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی پارٹی کے رفقا کا احترام نہیں کرے گا ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وہ ایک مثال دینا چاہتے ہیں۔ سلمان خورشید جی یہاں بیٹھے ہیں۔ چند دن قبل انہوں نے ایک ایسے خیال کا اظہار کیا جو پارٹی کی رائے سے مختلف تھا ۔ وہ اس پلیٹ فارم سے یہ قبول کرنا چاہتے ہیں کہ پارٹی میں اختلاف رائے ہے اور وہ پارٹی میں اختلاف رائے کو پھلنے پھولنے کا موقع فراہم کرینگے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وہ سلمان خورشید جیسے قائدین کا تحفظ کرینگے لیکن وہ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ جب پارٹی آر ایس ایس سے مقابلہ کر رہی ہے تو سب کو متحد ہونا پڑیگا ۔ سلمان خورشید شائقین میں بیٹھے تالیاں بجا رہے تھے ۔ ریلی کے بعد سلمان خورشید نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں ہمیشہ حق اور سچائی کو اہمیت حاصل ہوئی ہے ۔