نئی دہلی۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر سلمان خورشید، سابق کرکٹر محمد اظہرالدین، چیف منسٹر اترپردیش اکھیلیش یادو کی اہلیہ ڈمپل یادو اور پی ایم کے کے صدر جی کے مانی آج لوک سبھا کے چھٹے اور ساتویں مرحلے کے انتخابات کیلئے اپنے پرچہ جات داخل کرنے والے اہم قائدین میں شامل تھے۔ سزائے موت کاٹنے والے قیدی بلونت سنگھ راجونا کی بہن کمل دیپ کور
اور پانڈیچری سی پی آئی ایم سکریٹری آر وشواناتھ نے بھی پرچہ داخل کیا ہے۔ سلمان خورشید اُترپردیش کے فرخ آباد حلقہ سے دوبارہ انتخاب لڑیں گے جہاں پر 24 اپریل کو رائے دہی ہورہی ہے۔ محمد اظہرالدین راجستھان میں ہونے والی رائے دہی کیلئے پرچہ داخل کرنے والے 16 امیدواروں میں شامل ہیں۔ اظہرالدین نے اپنے حلف نامہ میں 5.45 کروڑ روپئے کے اثاثہ جات ہونے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے پاس ایک بی ایم ڈبلیو کار بھی ہے۔ وہ حلقہ لوک سبھا ٹونک سے مقابلہ کررہے ہیں۔ چیف منسٹر اترپردیش کی اہلیہ ڈمپل قنوج حلقہ لوک سبھا سے مقابلہ کررہی ہیں۔