کولکتہ۔28اپریل(سیاست ڈاٹ کام ) ریو اولمپک میں شرکت کررہے ہندوستانی جتھہ کیلئے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو برانڈ ایمبسیڈر بنائے جانے کے فیصلہ کے بعد مختلف گوشوں سے تنقیدیں ہورہی ہیں جبکہ سابق اتھیلیٹ نے بھی اس فیصلہ کو درست قرار نہیں دیا لیکن ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے کہا ہے کہ سلمان خان کو ایمبسیڈر بنانے کا فائدہ ہی ہوگا کیونکہ ان کی شہرت اور مقبولیت سب پر عیاں ہے ۔ سلمان خان کے متعلق کیا گیا فیصلہ بہتر ہی ہوگا ۔ گنگولی جو کہ یہاں وریلکس کمپنی کی جانب سے انہیں برانڈ ایمبسیڈر بنائے جانے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ فرانسیسی کمپنی اسیلر نے نہ صرف گنگولی کو اپنا سفیر مقرر کیا ہے بلکہ ہندوستان میں وریلکس 3.0 لنس متعارف کیا ہے جو کہ دور اور نزدیک کی نظر کیلئے بہتر لنس قرار دیا جارہا ہے ۔ گنگولی نے ریو اولمپک میںہندوستانی مظاہروں سے متعلق اُمید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لندن اولمپکس سے زیادہ بہتر نتائج حاصل ہوں گے ۔