سلمان بٹ کی ٹیم میں واپسی کے انضمام حامی

کراچی۔4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے واضح کر دیا ہے کہ کامران اکمل کی موجودہ ٹیم میں جگہ ہی نہیں جبکہ انہوں نے سلمان بٹ کے بارے میں بھی انوکھے جواز تراشنا شروع کر دیئے ہیں۔ پانچ سال کے بعد کھیل میں واپسی پر ڈومیسٹک کرکٹ کا ایک بھرپور سیزن درکار ہوتا ہے ،ایکشن کی بہتری کے بعد سعید اجمل کو میدان میں اتارنے کی جلدی کی گئی،انہیں چھ ماہ تک ملک کا سیزن کھیلنا چاہئے تھا۔ ماضی میں معین خان اور راشد لطیف جیسے دو بہترین وکٹ کیپرز میں سے بھی صرف ایک ہی کھیلتا تھا۔کامران اکمل کو سرفراز احمد کی جگہ نہیںکھلایا جا سکتا ان کو اپنی خوش قسمتی کا انتظار کرنا چاہئے۔ اسپورٹس جرنلسٹ اسوسی ایشن آف لاہور کی جانب سے ایک تقریب میں انضمام الحق اس وقت ایک رپورٹر کی بات پر برا مان گئے جب ان سے سلمان بٹ کی ٹیم میں واپسی سے متعلق سوال کیا گیا جو ڈومیسٹک کرکٹ میںبہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے خود کو سلیکشن کا اہل ثابت کر چکے ہیں۔انہوں نے سوال اور دیگر تفصیل سننے کے بعد  جواب دیا کہ جب کوئی کھلاڑی پانچ سال کے بعد واپسی کر رہا ہو تو اسے ڈومیسٹک کرکٹ کا ایک مکمل سیزن کھیلنے کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے اس موقع پر سید اجمل کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایکشن کی درستگی کے بعد ان کی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے جلد بازی کی گئی جو ان کے خیال میں ایک قبل از وقت فیصلہ تھا کیونکہ سعید اجمل کو کم از کم چھ ماہ تک ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا چاہئے تھا۔وکٹ کیپر کامران اکمل حال ہی میں اپنی واپسی کیلئے وکٹ کیپنگ ترک کر کے بطور بیٹسمین کھلائے جانے کا مطالبہ کر چکے ہیں لیکن انضمام الحق کا خیال ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کپتان سرفراز احمد کی موجودگی میں وہ کسی مقام  میں فٹ نہیں ہوتے۔