کراچی ۔25 (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اسپاٹ فکسنگ کی سزا مکمل کرنے والے سابق کپتان سلمان بٹ کی ٹیم میں واپسی کی مخالفت کرتے ہوئے فکسنگ کرنے والے کھلاڑیوں کو مثالی سزا دینے پر زور دیا ہے۔ شاہد آفریدی نے سلمان بٹ کی واپسی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر پہلے ہی مثال قائم کی جاتی تو حالیہ اسکینڈل سامنے نہ آتا اور اس فیصلے سے مستقبل میں کھلاڑی غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرنے سے دور ہوں گے۔خیال رہے کہ 2010 میں انگلینڈ میں اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں اس وقت کے کپتان سلمان بٹ، فاسٹ بولر محمد آصف اور محمد عامر کو کرکٹ سے معطلی کی سزا دی گئی تھی تاہم 2015 میں تینوں کھلاڑیوں کی سزا مکمل ہوئی تھی۔محمد عامر کو ستمبر 2015 میں سزا کی تکمیل کے بعد ٹیم میں واپس لیا گیا تھا جبکہ محمد آصف اور سلمان بٹ تاحال ٹیم میں واپسی نہ کرسکے اور پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے حالیہ اسکینڈل کے بعد ان کی واپسی مشکل دکھائی دے رہی ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ میرا شروع دن سے سادہ سا موقف ہے، کیا ہم نے ماضی میں کوئی مثال قائم کی جس سے حالیہ اسپاٹ فکسنگ جیسے واقعات رونما نہ ہوتے۔خیال رہے کہ پی ایس ایل 2017 کے پہلے میچ کے بعد ہی اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمینوں شرجیل خان اور خالدلطیف کو عارضی طور پر کرکٹ سے معطل کرکے واپس پاکستان بھیج دیا گیا تھا۔