دبئی ۔20 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز نے زخمی ہو کر ایونٹ سے باہر ہونے والے ٹیم کے کپتان محمد حفیظ کی جگہ متنازعہ اوپنر سلمان بٹ کو شامل کر لیا۔ محمد حفیظ 16 فروری کو کراچی کنگز کے خلاف میچ میں زخمی ہوئے تھے اور ان کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہو گیا تھا۔ایونٹ کے قواعد و ضوابط کے مطابق لاہور قلندرز نے مدثر نذر کی سربراہی میں قائم تکنیکی کمیٹی کو محمد حفیظ کی جگہ سلمان بٹ کو اسکواڈ میں شامل کرنے کی درخواست کی جو منظور کر لی گئی۔ سلمان بٹ گزشتہ 3 سال سے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کے عمل کا حصہ رہے ہیں اور انہیں سلورزمرے میں رکھا گیا تھا۔واضح رہے کہ سلمان بٹ، پاکستان کے اس اسکواڈ کا حصہ تھے جس نے 2009 میں انگلینڈ میں آئی سی سی کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی خطاب جیتا تھا۔ انہوں نے 24 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جس میں 595 رنز اسکور کیے، جبکہ 74 ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی میچز میں سلمان بٹ نے 36 کی اوسط سے 2 ہزار 278 رنز بنا رکھے ہیں۔ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ محمد حفیظ کا زخمی ہو کر ایونٹ سے باہر ہونا بدقسمتی ہے اور سلمان بٹ جیسا کوئی سینئر پاکستانی کھلاڑی ہی ان کی جگہ لے سکتا تھا۔