لاہور۔ 18 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) اسپاٹ فکسنگ کے مرکزی مجرم اور سزا یافتہ پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے چیرمین پی سی بی شہریار خان سے ملاقات کی اور اعتراف کیا ہے کہ 2010 لارڈز ٹسٹ میں ساتھی فاسٹ بولر محمد عامر اور محمد آصف کی جانب سے ڈالی جانے والی نو بالز کا انہیں علم تھا،اس پر وہ شرمندہ ہیں ۔ اب پی سی بی حکام سلمان بٹ کا یہ اعترافی بیان جلد آئی سی سی کے انٹی کرپشن اینڈ سکیورٹی یونٹ کو روانہ کریں گے جس کے بعد آئی سی سی سلمان بٹ کے مستقبل بارے میں فیصلہ کرے گا۔سلمان بٹ سے پہلے نوجوان بولر محمد عامر کو اعترافی بیان پر پی سی بی نے آئی سی سی کو سزا میں رعایت کی درخواست کی تھی جس کی منظوری مل چکی ہے اور محمد عامر اب رواں سیزن میں ڈومیسٹک کرکٹ کا آغاز کرچکے ہیں ۔