کراچی۔یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام )سلمان بٹ کے آسمان سے گر کر کھجور میں اٹکنے کے خدشات واضح ہو گئے ہیں اور عجمان میں غیر قانونی ٹونٹی20 لیگ میں شرکت کے سبب ان کیخلاف دوبارہ پابندی عائد کئے جانے کا خدشہ ہے۔ اگرچہ سلمان بٹ کیخلاف کسی نامناسب سرگرمی میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا لیکن انہیں غیر منظور شدہ لیگ میں شرکت کے باعث پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ اس ایونٹ کے دوران کئی کرکٹرز کے مشتبہ انداز میں وکٹیں گنوانے کی فوٹیج سامنے آنے کے بعد آئی سی سی کے اینٹی کرپشن چیف الیکس مارشل نے ان واقعات کی تحقیقات کا اعلان کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آل اسٹارز ٹی ٹونٹی لیگ کو دوسرے دن مقامی کرکٹ اتھارٹیز نے روکتے ہوئے ایونٹ کے منتظمین پر واضح کردیا کہ وہ عجمان اوول گراؤنڈ استعمال نہیں کر سکتے۔ بتایا جاتا ہے کہ پلیئرز ایجنٹ کے روپ میں کھلاڑیوں کو عجمان بلانے والوں میں وہ شخص بھی شامل ہے جو یوگنڈا میں معاوضوں کے تنازعہ کے بعد ٹورنمنٹ چھوڑ کر فرار ہو گیا تھا۔