سلمان بٹ نے اسپاٹ فکسنگ کا اعتراف کرلیا:شہر یار

لاہور۔17 جون (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ سابق کپتان سلمان بٹ نے بالآخر اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔شہر یارخان نے لاہور میں میڈیا سے کہا کہ سلمان بٹ کا معاملہ فاسٹ بولر محمد عامر سے اس لحاظ سے مختلف ہیکہ سلمان بٹ نے اس سے قبل اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا پوری طرح اعتراف نہیں کیا تھا اور سطحی طور پر انھوں نے اس بارے میں اقرار کیا تھا جس کی وجہ سے ان پر عائد کردہ پابندی ختم کرنے کا معاملہ رکا ہوا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اب انھیں ایک دستاویز دیا ہے جس میں صاف طور پر لکھا ہے کہ وہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہیں۔شہر یار خان نے کہا کہ سلمان بٹ نے اس پر دستخط کردئے ہیں جس کے بعد وہ دستاویزات آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو روانہ جا رہی ہیں جو سلمان بٹ کو طلب کرنے کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔واضح رہے کہ سلمان بٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ماضی میں اس حوالے سے متضاد دعوے کئے جاتے رہے ہیں۔سلمان بٹ پاکستان کرکٹ بورڈ پر الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ وہ ان کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے سلسلے میں تعاون نہیں کررہا حالانکہ وہ آئی سی سی کی تمام شرائط پوری کر چکے ہیں۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا اس بارے میں کہا کہ سلمان بٹ نے مکمل طور پر اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا اقرار نہیں کیا جس کے سبب ان کی بین الاقوامیکرکٹ میں واپسی کے لئے درکار ضروری تقاضے پوری نہیں ہو رہے ہیں۔