عمان ۔29مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) عزت مآب سلطان قابوس کی جرمن سے وطن واپسی کے موقع پر سلطنت عمان میں خوشی کا ماحول دیکھا گیا۔ عوام اپنے سلطان کی واپسی پر کافی خوش ہیں۔ بچے، بوڑھے اور جوان سب کے سب اس بات پر بارگاہ رب العزت میں سجدہ شکر بجا لارہے ہیں کہ سلطان صحت یاب ہوچکے ہیں۔ سلطان کی واپسی کے موقع پر عمانی شہری خوشی کے مارے سڑکوں پر نکل آئے۔ ساتھ ہی سماجی رابطہ کی سائٹ پر ہزمیجسٹی سلطان قابوس بن سعید کی صحت یابی پر مسرت کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ جرمنی میں تقریباً آٹھ ماہ تک زیر علاج رہنے کے بعد صحت یاب ہوکر پیر کی شام ہی سلطان عمان واپس ہوئے ہیں۔ ان کی واپسی کی خوشی میں مملکتی کونسل اور مجلس الشوریٰ نے خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے خوشیاں منائیں۔ خانگی اور سرکاری شعبے کے ملازمین، مختلف اسکولوں اور کالجس کے طلبہ نے بھی کئی ایک پروگرامس منعقد کرتے ہوئے اپنے اپنے انداز میں سلطان قابوس کی واپسی کا جشن منایا۔ صبح تمام سرکاری محکمہ جات نے سلطان قابوس کی بہتر صحت کے لئے دعاؤں کا اہتمام کیا۔ مسقط اور دیگر علاقوں میں عمارتوں، سڑکوں، پلوں، اسکولوں، کالجوں اور گاڑیوں کو قومی پرچموں کے علاوہ سلطان قابوس کی تصاویر سے سجایا گیا تھا۔ عمانی باشندے سڑکوں پر مٹھائی تقسیم کرتے دیکھے گئے، جب کہ بعض اسکولی طلبہ اپنے ہاتھوں میں سلطان قابوس کی تصاویر اور قومی پرچم تھامے ہوئے تھے۔