حیدرآباد ۔ 8۔ اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون عازم حج کا آج مکہ مکرمہ میں انتقال ہوگیا۔ 70 سالہ محترمہ حفیظہ بی زوجہ مرزا قطب الدین بیگ کا النور ہاسپٹل میں انتقال ہوا۔ وہ کور نمبر TSR-7172-2 کے تحت اپنے فرزند امجد الدین بیگ کے ہمراہ یکم اگست کو تلنگانہ حج کمیٹی سے مکہ مکرمہ روانہ ہوئی تھی۔ سلطان شاہی کی ساکن محترمہ حفیظہ بی کو تنفس کی شکایت پر کل ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا ۔ نماز جنازہ بعد مغرب حرم شریف میں ادا کی گئی اور تدفین مکہ مکرمہ کے قبرستان شارعین میں عمل میں آئی ۔ انتقال کی اطلاع ملتے ہی اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے انڈین حج مشن اور کونسلیٹ کے حکام سے ربط قائم کیا اور نماز جنازہ اور تدفین کے انتظامات کی خواہش کی ۔ انہوں نے تین خادم الحجاج کو یہ ذمہ داری دی تھی کہ وہ مرحومہ کے فرزند سے ربط میں رہیں اور تدفین تک تمام ضروری مراحل کی تکمیل کریں۔ حج سے قبل تلنگانہ کی پہلی عازم حج کا انتقال ہوا ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خاں اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے مرحومہ کے لواحقین سے بات کی اور ا ظہار تعزیت کیا ۔ حیدرآباد سے مکہ مکرمہ پہنچنے والے تمام عازمین حج خیریت سے ہیں۔