سلطان آباد منڈل میں بندھوا مزدور آزاد

سلطان آباد۔ 4 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سلطان آباد منڈل کے موضع بھوپتی پور میں اینٹ بنانے والے مزدوروں کو مالکین کی جانب سے ہراساں کرنے کی شکایت کی گئی ہے۔ تفصیلات کے بموجب بھوپتی پور میں ریاست اُڈیشہ سے وابستہ 200 سے زائد خاندان اینٹ بنانے کا کام کرتے ہیں۔ اینٹ کی بھٹیوں کے مالکین ان مزدوروں کی بنیادی سہولیات فراہم نہیں کررہے ہیں۔ اس کے برخلاف انہیں ہراساں و پریشان کیا جاتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر انہیں پیسے نہیں دیتے اور جب پیسے دیتے ہیں تو کوئی حساب کتاب نہیں ہوتا۔ ان کی بیماری کا علاج بھی نہیں کیا جاتا۔ کام کرنے کا وقت مقرر نہیں ہے اور عورتوں کے ساتھ بدتمیزی بھی کی جاتی ہے۔ ان مزدوروں کا کہنا ہے کہ بعض عورتوں کی عصمت ریزی بھی کی گئی ہے لیکن یہ لوگ بے بس و لاچار ہونے کی وجہ سے احتجاج بھی نہیں کرسکتے اور ان سے بندھوا مزدوروں جیسا برتاؤ کیا جاتا ہے

جس سے وہ چھٹکارہ چاہتے ہیں۔ جب ان پر ظلم حد سے زیادہ ہوگیا تب یہ لوگ اپنی ریاست اُڈیشہ میں اپنے رشتہ داروں کو فون کرتے ہوئے تفصیلات سے واقف کرایا جس پر رشتہ داروں نے فی الفور دہلی کی ایک رضاکارانہ تنظیم سے ربط پیدا کیا۔ اس تنظیم کے عہدیدار جارج اجئے ان کے ساتھ 10 افراد کا ایک وفد نے کریم نگر پہنچ کر کلکٹر سے ملاقات کی۔ کلکٹر کی ہدایت پر جوائنٹ کلکٹر سرفراز احمد کی نگرانی میں آر ڈی نارائن ریڈی، ڈی ایس پی وینو گوپال تحصیلدار رما دیوی، سی آئی سیتا نارائن، ایس آئی راما کرشنا، بھوپتی پور گاؤں پہنچ کر اُڈیشہ کے ان مزدوروں کو آزاد کرایا۔ تحصیلدار کیمپ آفس منتقل کیا گیا۔