ظہیرآباد /12 مارچ ( ذریعہ فیاکس ) موضع گڑپلی منڈل ظہیرآباد میں ماہانہ مجلس تعلیم و حلقہ ذکر کی 31 ویں مجلس کا حافظ سید ندیم اللہ کی قرات کلام پاک سے آغاز ہوا ۔ متعدد طلباء نے بارگاہ سید المرسلین میں ہدیہ نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ بعد ازیں مفتی سید نعیم الدین قادری کامل جامعہنظامیہ نے ’’سلام اور اسلام ‘‘کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی قوم ایسی نہیں ہے جب آپس میں ملاقات ہوں تو کوئی نہ کوئی ایسا کلمہ یا الفاظ نہ بولتے ہو جو آپس میں اظہار محبت ، موانیت کا ذریعہ نہ ہو ۔ لیکن اسلام نے ملاقات و آداب گفتگو کیلئے جو کلمہ کہنے کا حکم دیا ہے وہ صرف اظہار محبت کا ذریعہ ہے بلکہ بے شمار دنیاوی و اخروی فوائد پر مشتمل ہے ۔ چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے مسلمانوں کو سلام کو عام کرنے کی بڑی تاکید فرمائی ہے ۔
بخاری مسلم کی روایت ہے کہ تم جنت میں اس وقت تک داخل نہیں ہوسکتے جب تک کہ مومن نہ ہو اور تمہارا ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتا جب تک کہ آپس میں ایک دوسرے سے محبت نہ کرو میں تم کو ایسی چیز بتاتا ہوں کہ اگر تم اس پر عمل کرلو تو تمہارے آپس میں محبت قائم ہوجائے گی ۔ وہ یہ کہ آپس میں سلام کو عام کرو یعنی ہر مسلمان خواہ اسے جانتے ہو یا نہ جانتے ہو ۔ انہوں نے دوران خطاب کہا کہ سلام میں پہل کرنے والا تکبر سے بری ہے اور سلام کرنے پر اللہ تعالی 30 نیکیاں عطا کرتا ہے ۔ سلام کا جواب دینا واجب ہے نہ دینے والا گناہ گار ہے ۔ سلام کے آداب میں سے یہ ہے کہ سوار پیدل چلنے والوں کو سلام کرے ، چلنے والا بیٹھوں کو سلام کرے ، جس طرح ملاقات ہوتے وقت سلام کرتے ہیں ۔ اسی طرح رخصت ہوتے وقت بھی سلام مسنون ہے ۔ کسی غیر مسلم کو اسلام سلام نہ کریں ۔ بعد ازاں خانقاہ محبوبیہ حصرت سید محبوب العرفاءؒ کی بارگاہ میں چادرگل پیش کی گئی ۔ خصوصی دعائے سلامتی و فاتحہ بحضور سید محبوب العرفاءؒ پر یہ نورانی مجلس تکمیل پرذیر ہوئی ۔