سفر حج میں صبر کے مظاہرہ کی تلقین

سنگاریڈی 19 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسلامک سوشیل سرویس سوسائٹی سنگاریڈی کی جانب سے سنگاریڈی پٹن چیرو، سدا سیو پیٹ اور نرسا پور کے عازمین حج کیلئے اسلامک سنٹر سنگاریڈی پر منعقدہ تربیتی حج کیمپ سے مولانا احمد عبدالعظیم مربی عازمین حج ، حج کمیٹی حیدرآباد نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے آپ کو اپنے مہمان کیلئے چن لیا ہے ۔ رسول اللہ ﷺ نے عازمین کے متعلق فرمایا کہ وہ ’’ضیوف الرحمن ‘‘ یعنی اللہ کے مہمان ہیں اور سعودی حکومت بھی آپ تمام کا استقبال رحمن کے مہمان کے نام سے کرتی ہے ۔ معلمین کی ذمہ داری و اختیارات کے متعلق تفصیلی بات رکھتے ہوئے بتایا کہ معلم کی ذمہ داری ہیکہ آپ کو طیرانگاہ سے رہائش تک مناسک حج کیلئے مختلف مقامات ،منی عرفات ،مزدلفہ ،مدینہ منورہ کی زیارت اور وہاں رہائش کے انتظام کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔ عازمین حجاج کی یہ ذمہ داری بنتی ہیکہ وہ خود اپنے آپ کو تمام مسائل و مناسک حج سے تیار کرلیں۔ دعاوں کو یاد کرنے کا اہتمام کریں۔ عازمین حج کے صبر کا امتحان حج ہاوز سے شروع ہوتا ہے، سامان کی جانچ اور پھر دیگر تمام دوران سفر میں قطار میں ٹھہرنے کی تاخیر پر صبر کی عادت ڈالیں ۔ دوران سفر ایک دوسرے کی مدد کریں ۔ جھگڑے اور گالی گلوچ سے پرہیز کریں۔پروجیکٹر کے ذریعہ سے حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے پیش کردہ ،ہدایتوں کو عازمین حجاج کے سامنے وضاحت کے ساتھ رکھا ۔ حج سے واپسی پر اپنی زندگیوں کو بدلنے کی تلقین کی ۔ صلاح الدین بابر نے تذکیر بالحدیث میں کہا کہ رسول اللہ ؐ نے فرمایا جس اللہ تعالی نے صحت مال اور حج کو جانے والی رکاوٹوں سے بری رکھا اور پانچ سال کا عرصہ گدر گیا اس کے باوجود وہ حج کیلئے سفر نہ کیا تو وہ بد نصیب ہے اور نبی کریم ؐ نے فرمایا جس کو قانونی، صحت اور مال میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ ہو اس کے باوجود وہ حج کیلئے سفر نہ کرے تو وہ یہودی ہوکر مرے یا نصرانی ہوکر مرے اس سے میرا کوئی تعلق نہیں ۔ افتتاحی کلمات محمد عبدالکریم نائب صدر سوسائٹی نے کہے اور سوسائٹی کی کارکردگی اور عازمین حجاج کی رہنمائی کا ذکر کیا ۔ حافظ محمد معتصم کی تلاوت معہ ترجمانی سے کیمپ کا آغاز ہوا ۔ اظہار تشکر و کنوینر کے فرائض محمد اطہر محی الدین نے انجام دیئے ۔