لاہور۔6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق اور کامیاب ترین اوپنر سعید انور 49 برس کے ہو گئے ۔ لیجنڈ بیٹسمین کا شمار دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں ہوتا ہے۔ خاموش مزاج جارحانہ انداز ، دلکش اسٹروکس کے مالک سابق اوپنر سعید انور نے زندگی کی 49 بہاریں دیکھ لیں۔ بائیں ہاتھ کے انوار کا 14 سالہ بین الاقوامی کیریئر کامیابیوں سے بھرپور رہا۔ 1997 میں چینائی کے میدان پر میزبان ہندوستانی ٹیم کیخلاف 194 رنز کی یاد گار اننگز آج بھی کرکٹ دیوانوں کے ذہن میں نقش ہے۔سعید انور نے ٹسٹ کیریئر کا آغاز 23 نومبر 1990کو ویسٹ انڈیز کیخلاف کیا۔ انہوں نے ٹسٹ کرکٹ میں 24 نصف اور11 سنچریاں اسکور کیں۔ لیجنڈ انوار کی ونڈے کرکٹ میں آمد یکم جنوری 1989 کو ویسٹ انڈیز کے ہی خلاف ہوئی۔ وہ مختصر طرز کی کرکٹ میں 20 سنچری اور43 نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب ہوئے۔ شاندار ٹائمنگ اور دلکش بیٹنگ کے باعث ان کا شمار بہترین بیٹسمینوں کے علاوہ اپنے وقت میں ان کا موازنہ ہندوستانی ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر سے کیا جاتا تھا اور چند برسوں تک ونڈے میں زیادہ سنچریوں کی دوڑ میں کبھی سچن توکبھی انوار آگے رہتے تھے۔