سعید اجمل کی رپورٹ حوصلہ افزاء : ثقلین مشتاق

برمنگھم 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کی درستی پر سخت محنت کررہاہوں، پوری کوشش ہے کہ اسٹار کھلاڑی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں، ان کے بازوکا خم 20درجے پر آجانا بھی بڑی کامیابی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہاکہ سعید اجمل میری اکیڈمی میں روزانہ کئی گھنٹے تک پریکٹس کررہے ہیں میں جدید آلات اور سافٹ ویر کی مدد سے ان کے بولنگ ایکشن کو درست کررہا ہوں ، بہتری کیلئے بہت پرامید ہوں۔ انسان کے ہاتھ میں تدبیرہے تقدیر تو اللہ کے ہاتھ میں ہے ، ہم پورے اخلاص اور محنت کے ساتھ تدبیر کررہے ہیں ،تقدیر کے بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ ثقلین مشتاق نے کہاکہ آئی سی سی کی جانب سے اچانک بولنگ ایکشن پر اعتراض سے سعید اجمل پریشان ضرور تھے لیکن اب ان کے ایکشن میں بہتری آنے کے بعد وہ پرامید ہیں۔ سعید اجمل کے بازو کا خم 20درجے پر آجانا بھی بڑی کامیابی ہے کیونکہ ان کا بازو 40 درجے سے بھی زیادہ تھا جس کو مرحلہ وار کوششوں سے بہتر کیا گیا ہے۔ ثقلین مشتاق نے کہاکہ سعید اجمل ایک ہفتہ کے دوران مزید بولنگ ایکشن کو بہتر بناسکیں گے تاہم پی سی بی کو جب بھی میری ضرورت ہوئی دوبارہ خدمت کیلئے حاضر ہوں۔ ثقلین مشتاق کے بموجب اِن کا کسی ٹیم کے ساتھ مستقل کوچنگ کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں کیونکہ اپنی اکیڈمی کو بھرپور وقت دے رہا ہوں۔