برسبین ۔26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کا معائنہ آسٹریلیائی شہر برسبین کے نیشنل کرکٹ سینٹر میں ہوا ہے۔سعید اجمل کو مشتبہ بولنگ ایکشن کی رپورٹ کے بعد اس جائزے کے لے برسبین بھیجا گیا تھا جہاں آئی سی سی کے منظور شدہ ہیومن موومنٹ ماہرین کی سہولتیں موجود ہیں۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میچ کے دوران امپائروں نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو قواعد وضوابط کے منافی قرار دیتے ہوئے اس کی باضابطہ رپورٹ کی تھی۔قوانین کے مطابق سعید اجمل کو اپنے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے 21 دن دیے گئے تھے۔سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انھیں فوری طور پر آسٹریلیا روانہ کرنے کا فیصلہ کیا جس کی وجہ سے وہ سری لنکا کے خلاف ونڈے سیریز نہیں کھیل رہے ہیں۔آئی سی سی کے مطابق سعید اجمل کا بولنگ ایکشن جانچنے کا عمل آئی سی سی کے حکام کی نگرانی میں ہوگا
جس کے لے کرکٹ آسٹریلیا کی سہولیات استعمال ہوئی ہیں۔سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کے ٹسٹ کے نتیجہ کا اعلان آئی سی سی کرے گی اور یہ رپورٹ آنے میں دو ہفتے لگ سکتے ہیں۔سعید اجمل کے بولنگ ایکشن پر دوسری مرتبہ اعتراض ہوا ہے۔مشتبہ بولنگ ایکشن کے ضمن میں آئی سی سی نے حالیہ دنوں میں سخت موقف اپنایا ہے اور صرف دو ماہ کے دوران پانچ بولروں کے بولنگ ایکشن رپورٹ ہو چکے ہیں اور یہ تمام بولرس آف اسپنر ہیں۔جولائی میں سری لنکا کے سینانائیکے اور نیوزی لینڈ کے ولیمسن جبکہ اس ماہ پاکستان کے سعید اجمل، زمبابوے کے پراسپر ْاتسیا اور بنگلہ دیش کے سہگ غازی کے بولنگ ایکشن پر امپائر رپورٹ کر چکے ہیں۔گذشتہ دسمبر میں ویسٹ انڈیز کے آف اسپنر شین شلنگفرڈ کے بولنگ ایکشن پر بھی اعتراض ہوا تھا۔ انھیں اس سال مارچ میں کلیئر کردیاگیا تھا لیکن اب انھیں آف اسپنروں کی مخصوص گیند ’دوسرا‘ کرانے کی اجازت نہیں۔