سعید اجمل کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دینا حیران کن :عبدالقادر

اسلام آباد 13 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر عبدالقادر نے کہا ہے کہ معائنہ کے بعد سعید اجمل کا بولنگ ایکشن صحیح قرار دیا جائے گا۔ وہ 2009 میں بھی ’’دوسرا‘‘ کی وجہ مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آگئے تھے۔ تاہم ٹسٹ کے بعد انہیں کلین چٹ دی گئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کے حوالہ سے خبر میرے لئے حیران کن تھی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو چاہئے کہ وہ اسپنرس کے بولنگ ایکشن کے قوانین میں نرمی برتے۔ عبدالقادر نے آئی سی سی اور ارکان بورڈ کو تجویز پیش کی کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے دوران کھلاڑیوں کے بولنگ ایکشن پر نظر رکھی جائے، اگر کسی بولر کا ایکشن آئی سی سی کے قوانین پر پورا نہیں اترتا تو اسے مزید کرکٹ کھیلنے سے روک دیا جائے۔

نڈال کی یو ایس اوپن میں شرکت غیریقینی
میڈرڈ 13 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر دو ٹینس اسٹار رافل نڈال یو ایس ٹینس ٹورنمنٹ میں حصہ لینے کیلئے غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ وہ سال کے آخری گرانڈ سلام ٹینس ایونٹ میں شرکت کرنے کا حتمی فیصلہ ہفتے کو کریں گے۔واضح رہے کہ وہ کلائی کی تکلیف میں مبتلا ہونے کے سبب راجرز کپ اور سنسناتی ٹینس ٹورنمنٹ میں شرکت نہیں کرپائے ہیں۔ انھوں نے گزشتہ ہفتہ یو ایس اوپن میں شرکت کا اشارہ دیا تھا تاہم وہ اس کشمکش میں ہیں کہ وہ ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب بھی ہوسکیں گے یا نہیں۔ اسپینی کھلاڑی ایونٹ میں حصہ لینے کا حتمی فیصلہ ہفتہ کو کریں گے۔حالیہ برسوں میں نڈال کا کیرئیر زخموں کی وجہ سے کافی متاثر ہورہا ہے لیکن ہر وقت وہ صحت یاب ہوکر کامیاب واپسی کرتے ہوئے گرانڈ سلام خطابات حاصل کئے ہیں۔