لندن، 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کائونٹی کرکٹ چمپئن شپ میں پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا۔ انھوں نے اپنے 36 گیندوں کے بولنگ میں 13 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جس کی بدولت ووسٹر شائر نے لیسٹر شائر کو 234 رنز کے بھاری فرق سے روند دیا۔ میزبان بیٹسمینوں کے پاس اسپنر کی پراسرار بولنگ کا کوئی جواب نہیں تھا، 145 رنز پر 4 وکٹیں گری تھیں، تاہم اسکور 169 تک پہنچا تو پوری ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔ یہ ووسٹر شائر کی سیزن میں چوتھی فتح رہی اور وہ ہمپشائر کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔ لیسٹر شائر کی یہ ہوم گرائونڈ پر مسلسل چوتھی ناکامی بنی۔