کراچی۔ 23؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ کے لئے اپنے 15 کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے۔ امکانات روشن ہیں کہ سلیکٹرز شاہد آفریدی کی موجودگی میں نوجوان لیگ اسپنر یاسر شاہ کو حیران کن فیصلے کے طور ورلڈ کپ ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ جبکہ فاسٹ بولر جنید خان اور مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود کو ملتان میں پینٹاگولر کپ ونڈے ٹورنمنٹ میں آزماکر ان کی فٹنس کا معائنہ لیا جائے گا۔ ان کھلاڑیوں کی فٹنس پر اطمینان کرنے اور حفیظ اور سعید اجمل کے بایو میکنکس ٹسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد پاکستان ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ خدشہ بھی ہیکہ سعید اجمل ورلڈ کپ کی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دو ونڈے اور ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم کا اعلان ملتان کے ون ڈے ٹورنمنٹ کے بعد کیا جائے گا۔ پی سی بی نے آسٹریلیا اور
نیوزی لینڈ کے خلاف ڈھائی ماہ کی مصروف سیریز کے بعد کپتان مصباح الحق،اوپنر احمد شہزاد، بیٹسمین یونس خان،اسد شفیق، وکٹ کیپر سرفراز احمد اور اسپنر ذوالفقار بابر کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم انہیں گھریلو ٹورنمنٹ نہ کھلانے کی منظوری چیئرمین شہریار خان سے لی جائے گی۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق جنید خان اور صہیب مقصود نے فٹ ہونے کے بعد کرکٹ کھیلنا شروع کردی ہے۔ ان کی میچ فٹنس کو جانچنیکے لئے انہیں پینٹاگولر کپ میں کھلایا جائے گا۔ جنید خان آسٹریلیا کی ونڈے سیریز میں گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے۔ صہیب مقصود پاکستان اے کی جانب سے کھیلتے ہوئے کلائی زخمی کر بیٹھے تھے۔ ذرائع کے بموجب 1992کے ورلڈ کپ میں مشتا ق احمد اور اقبال سکندر کو کھلانے کے کامیاب تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے ٹیم انتظامیہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کو کھلانے پر غور کررہی ہے۔ یاسر شاہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف تین ونڈے میچوں کے لئے متحدہ عرب امارات طلب کیا گیا تھا۔