سعید اجمل ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں واپسی کیلئے تیار

اسلام آباد ، یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے مایہ ناز اسپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان سوپر لیگ(پی ایس ایل) میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرکے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں نیشنل ٹیم کی نمائندگی کیلئے پُرامید ہیں۔ اجمل نے 2009ء کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے پاکستان کو عالمی چمپئن بننے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا جبکہ غیر قانونی بولنگ ایکشن پر 5 ماہ کی پابندی کے بعد ایکشن درست کرکے گزشتہ سال فروری میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں وہ پاکستانی ٹیم میں واپس آئے تھے لیکن ان کی کارکردگی میں واضح فرق نظر آیا تھا۔ وہ بنگلہ دیش کے خلاف دو ونڈے میچوں میں صرف ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے جبکہ اس دوران انگلینڈ کی کاؤنٹی ورسسٹر شائر کیلئے 55 میچوں میں صرف 16 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اجمل پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کریں گے۔ انھوں نے ٹیم کی افتتاحی تقریب کے دوران ایک نیوز ایجنسی کو انٹرویو میں کہا کہ وہ تکنیکی خامیوں پر قابو کرنے کیلئے کام کرچکے ہیں اور پرانا دبدبہ حاصل کرلیا ہے۔ انھوں نے کہا: ’’ مجھے اچھا پلیٹ فام مل گیا ہے اور اپنے مقاصد پر کام کررہاہوں، اور پی ایس ایل میں پرانا سعید اجمل نظر آئے گا۔‘‘ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے سرفہرست بولروں میں شامل اجمل نے کہا، ’’ ورلڈ کپ اس پی ایس ایل کے بعد ہے اور میں یہاں بہترین کھیل پیش کرکے اپنی دستیابی ثابت کرنا چاہتاہوں۔‘‘