دبئی۔8 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ٹیم سے مسلسل نظر انداز کرنے سے سعید اجمل کا صبر جواب دینے لگا ہے اور نہ چاہتے ہوئے بھی وہ شکوے زبان پر لے ہی آئے ۔ کیا جب میں 50 برس کاہوجاؤں گا تب مجھے کھلایا جائے گا اس جملہ میں انہوں نے اپنا سارا غصہ نکالا۔ یہ تک واضح نہیں کہ بورڈ اور سلیکٹرز آخر مجھ سے چاہتے کیا ہیں، سوائے میرے باقی سب کوہی موقع دیا جارہا ہے۔یاد رہے کہ سعید اجمل کافی عرصے سے پاکستانی ٹیم سے باہرہیں۔ بولنگ ایکشن درست کرنے کے بعد سے وہ ٹیم میں جگہ پکی نہیں کر پائے اور گزرتے وقت کے ساتھ ان کا غصہ میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے ، وہ اس وقت پاکستان سوپر لیگ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اچھا کھیل پیش کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ایک انٹرویو میں سعید اجمل نے کہا کہ میں ہمیشہ سے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار ہوں لیکن اس کا انحصار بورڈ اور چیف سلیکٹر پر ہے۔انہوں نے کہا ایکشن درست کرنے کے بعد میں بھرپور فارم میں ہوں اورڈومسٹک ٹی ٹونٹی کپ میں اس کا مظاہرہ بھی کر چکا ہوں۔