لاہور ، 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے اسپنر سعید اجمل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی انتہا پسندی پر برس پڑے ، وہ کہتے ہیں کہ ہندوستانی بولر ہربھجن سنگھ اور آر اشوین پر کوئی نگرانی نہیں اور پاکستانی بولرز کے گرد ہمیشہ گھیرا تنگ رہتا ہے۔ پاکستانی میڈیا کو خصوصی انٹرویو میں اجمل نے کہا کہ آئی سی سی کرکٹ کا فروغ نہیں بلکہ آف اسپن آرٹ کی تباہی کررہی ہے ، خاص طور پر پاکستانی بولر جب کوئی پرفارم کرے تو اسے پابندی کا شکار کر دیا جاتا ہے ۔ زمبابوے کے خلاف بلال آصف کوئی بیٹسمن آؤٹ نہ کرے تو کسی کو کوئی تکلیف نہیں، پانچ شکار کر لے تو بولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دے دیا جاتا ہے۔ پاکستان کے کبھی جادوگر اسپنر سمجھنے جانے والے اجمل نے دعویٰ کیا کہ ہربھجن کا بولنگ ایکشن جانچا جائے ، 15 ڈگری سے زائد ہی ہو گا بلکہ انھوں نے یہاں تک یقین سے کہہ دیا کہ اشوین بھی غیر قانونی بولنگ کرتے ہیں لیکن ہربھجن تو سیدھا آنکھوں میں دھول جھونکتے ہیں، بس آئی سی سی نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ اپنے انٹرویو میں اجمل نے پی سی بی سے بھی شکوہ کیا جس نے آئی سی سی میں ان کے میڈیکل پرابلم کا کیس نہیں لڑا۔