حیدرآباد 8 اگسٹ (سیاست نیوز) سعیدآباد پولیس نے دو سالہ کمسن لڑکی کو روندنے والے ایک کار ڈرائیور کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ پولیس کے بموجب کل علاقہ سبرامنیم کالونی میں کمسن لڑکی چیترا کو ایک نامعلوم کار نے ٹکر دے دی تھی جس میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگئی تھی۔ سعیدآباد پولیس نے علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کار کی نشاندہی کرتے ہوئے ڈرائیور 21 سالہ بی سنتوش ساکن سبرامنیم کالونی کو گرفتار کرتے ہوئے اُس کی کار ضبط کرلی۔ انسپکٹر سعیدآباد مسٹر کے ستیہ نے بتایا کہ کار ڈرائیور بی سنتوش نے حال ہی میں انٹرمیڈیٹ کی تعلیم حاصل کی تھی اور وہ ڈگری کالج میں داخلہ لینے والا تھا۔ اسی دوران اُس نے عارضی طور پر ڈرائیونگ کی ملازمت حاصل کی۔ کل صبح سنتوش اپنی کار میں لکشمی نگر کالونی کی سمت جارہا تھا کہ اُس نے مکان کے روبرو کھیل میں مصروف معصوم لڑکی کو اپنی کار سے روندتے ہوئے فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر اُسے گرفتار کرتے ہوئے آج عدالت میں پیش کیا اور بعدازاں اُسے جیل منتقل کردیا گیا۔