لاہور۔7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پابندی کے شکار اسپنر سعید اجمل نئے روپ میں بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کیلئے تیار ہیں۔ وہ بایو میکنیکس ٹسٹ کیلئے آج انگلینڈ جائیں گے۔ان کے نئے ایکشن کا معائنہ پیر 10 نومبر کو ہوگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ نئے ایکشن کے ساتھ مزید اور بہتر بولنگ کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے ٹسٹ کے مثبت نتائج نکلیں گے دوسرا کی کاٹ برقرار رہے گی۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ اکیڈمی میں ان کے ٹسٹ اچھے ہوئے ہیں اور وہ کرکٹ کے میدانوں میں واپسی کے لئے اپنے ایکشن کو بہتر بنا رہے ہیں۔