کراچی۔3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی آ ف اسپنر سعید اجمل کے بین الاقوامی کریر کو بچانے اور ورلڈ کپ میں شمولیت کے لئے فیصلہ کن بایو میکنسکس امتحان پیر 8دسمبر کو انگلینڈ کی لوبرو لیبارٹری میں ہوگا۔دوسرا کے ماہر بولر بین لاقوامی کرکٹ میں دوسری مرتبہ داخلے کیلئے تیار ہیں۔ بولنگ ٹسٹ میں ناکامی کی صورت میں انہیں ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے آ ف اسپنر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کا بایو مکینک تجزیہ کرانے کے لئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطہ کیا جس کے بعد ان کے لئے 8 دسمبر کا وقت لیا گیا ہے۔ پیر کو ٹسٹ ہونے اوراجازت ملنے کے بعدورلڈ کپ سے قبل پاکستان ٹیم کے لئے دستیاب ہوں گے۔ سعید اجمل کے ٹسٹ کی رپورٹ کرسمس کے بعد آ ئے گی۔ امکان ہے کہ انہیں اجازت ملنے کے بعد 31جنوری کو ویلنگٹن اور تین فروری کو نیپئر میں نیوزی لینڈ کے خلاف دونوں ونڈے کے لئے دستیاب ہوں گے۔ جبکہ آ ل راونڈر محمد حفیظ کے بایو میکنکس کا ٹسٹ کا نتیجہ آ ئندہ ہفتے آ نے کی توقع ہے۔ سعید اجمل کو اپنی ہر گیند کا ٹسٹ دینا ہوگا۔ اگر انہوں نے اپنے خفیہ ہتھیار دوسرے کا ٹسٹ نہیں دیا تو وہ بین الاقوامی کرکٹ کھیلتے ہوئے دوسرا نہیں کرسکیں گے۔ ویسٹ انڈیز کے شین شلنگ فورڈ نے ٹسٹ دیتے وقت دوسرا نہیں کرایا تھا۔ مارلن سیموئلز نے کہا تھا کہ میں اپنی تیز ترگیند نہیں صرف آ ف اسپین کا ٹسٹ دوں گا۔ لوبرو لیبارٹری کے ڈاکٹر کنگ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ سعید اجمل نے اپنے بولنگ ایکشن کو کافی حد تک بہتر کر لیا ہے لیکن ان کی کہنی کا خم اب بھی 15ڈگری سے زائد ہے اور اگر وہ اپنے بولنگ ایکشن پر مزید محنت کریں تو یہ 15ڈگری کی حد تک آ سکتا ہے۔ کرکٹ بورڈ نے اجمل کے بولنگ ایکشن کی درستی کے لئے ماضی کے مشہور آ ف اسپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں جن کے ساتھ کام کرنے کے بعد سعید اجمل کو غیرسرکاری تجزیے کے لئے انگلینڈ کی لیبارٹری میں بھیجا گیا تھا۔