سعیدآباد میں کرانہ کی دوکان خاکستر

حیدرآباد ۔ /10 اگست (سیاست نیوز) سعیدآباد کے علاقے ونئے نگر کالونی میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں کرانہ دوکان جلکر خاکستر ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ سائی کمیونیکیشن اینڈ جنرل اسٹور واقع ونئے نگر میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں آگ لگ گئی جس کے بعد مقامی عوام نے اس واقعہ کی اطلاع پولیس کنٹرول روم کو دی ۔ جائے حادثہ پر فائرانجن پہونچ کر آگ پر قابو پالیا لیکن دوکان میں موجود اشیاء جلکر خاکستر ہوگئی ۔ دوکان مالک بی مرلی نے بتایا کہ دوکان میں موجود ریفریجریٹرس ، ٹی وی اور دیگر اشیاء مکمل طور پر خاکستر ہوگئے ہیں اور انہیں 2.5 لاکھ کا نقصان ہوا ہے ۔ سعیدآباد پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔