انقرہ ۔ 15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر ترکی رجب طیب اردغان اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے اپنی حالیہ بات چیت کے دوران گمشدہ صحافی جمال خشوگی سے متعلق گفتگو کی۔ دونوں قائدین نے بذریعہ ٹیلیفون ایک دوسرے سے دیگر امور پر بھی بات چیت کی۔ فریقین کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں (جسے بعدازاں ترکی کے صدارتی ذریعہ کے حوالہ سے بھی بیان کیا گیا) دونوں قائدین جمال خشوگی کی گمشدگی اور اس کے ’’قتل‘‘ کی افواہوں پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تحقیقات کیلئے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کا قیام عمل میں لایا جائے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ ترکی نے قبل ازیں ایک ورکنگ گروپ کے قیام کی سعودی تجویز سے اتفاق کیا تھا تاہم یہ ورکنگ گروپ کس طرح اپنے فرائض انجام دے گا اس تعلق سے مزید کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی جبکہ سعودی کی وزارت خارجہ نے شاہ سلمان کی اردغان سے ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران ترکی کے سعودی سے تعلقات کے مضبوط ہونے کی جانب اشارہ کیا تھا۔ شاہ سلمان نے اردغان کو اس لئے فون کیا تھا کہ انہوں نے سعودی کی جانب سے ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز کو منظور کیا تھا لہٰذا شکریہ ادا کرنا فون کرنے کا سب سے اہم مقصد تھا۔ شاہ سلمان نے کہا تھا کہ سعودی۔ ترکی تعلقات اتنے مضبوط ہیں کہ انہیں کوئی بھی کمزور نہیں کرسکتا۔