اسلام آباد ۔ 15 ۔ فروری : (سیاست ڈاٹ کام ) : سعودی عرب کے ولی عہد سلمان بن عبدالعزیز السعود تین روزہ دورہ پر آج اسلام آباد پہونچے جہاں وہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ باہمی دفاعی تعاون اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے ۔ وزیراعظم نواز شریف نے راولپنڈی کے فوجی ہوائی اڈہ پر شہزادہ سلمان کا شخصی طور پر استقبال کیا اور انہیں 21 توپوں کی سلامی کے ساتھ گارڈ آف آنر دیا گیا ۔ پاکستان یہ توقع کررہا ہے کہ چین کے ساتھ تیار کردہ جے ایف 17 تھنڈر جٹ طیارے سعودی عرب کو فروخت کرنے کی راہ ہموار ہوجائے گی ۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے قبل ازیں کہا تھا کہ ولی عہد سلمان جو نائب وزیر اعظم بھی ہیں اور ان کے پاس وزارت دفاع کا قلمدان ہے ان کے دورہ کو پاکستان نمایاں اہمیت دے رہا ہے ۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل اور نائب وزیر دفاع شہزادہ سلمان بن سلطان نے گذشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کیا تھا ۔۔