ریاض ۔ 12 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) غیرمعمولی موٹاپے کے شکار ایک سعودی نوجوان نے 150 کیلوگرام وزن کم کرلیا ہے جب کہ 3ماہ قبل اُن کی حالت پر متفکر شاہِ سعودنے اُسے دواخانہ میں شریک کرنے کا حکم دیا تھا ۔ اگست میں شاہ عبداﷲ نے ہدایت جاری کی تھی کہ خالد بن محسن شعاری کو فی الفور دارالحکومت ریاض کے دواخانے سے رجوع کیا جائے جہاں تب اُس کا وزن 610 کیلو ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ اُس کی دواخانہ کو منتقلی کیلئے امریکہ میں بنایا گیا خصوصی بیڈ استعمال کرنا پڑا تھا اور اُسے سعودی ایرفورس کے طیارے کے ذریعہ دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ خالد جس کی عمر 18 تا 20 سال کے درمیان بتائی جاتی ہے ، جنوبی صوبہ جزان سے تعلق رکھتا ہے اور 3 ماہ قبل وہ اپنے طورپر حرکت کرنے سے تک قاصر تھا ۔ 21 ماہرین کی ٹیم نے خصوصی تغذیہ اور جراحی علاج پر عمل کرتے ہوئے اُس کے وزن میں قابل لحاظ کمی لائی ہے ۔ مگر اب بھی وہ 460 کیلوکا بھاری بھرکم نوجوان ہے ۔
تیونس میںعسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی ، ایک ہلاک
تیونس ۔ 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) تیونس کے نیشنل گارڈ سے تعلق رکھنے والے خصوصی فورسیس نے جنوبی صحرائی علاقہ میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں کی گئی کارروائی میں ایک عسکریت پسند کو گولی مار کر ہلاک کردیا اور دیگر آٹھ کو گرفتار کرلیا گیا۔ وزارت داخلہ نے اعلان کیا کہ عسکریت پسندوں نے گذشتہ ماہ کے اواخر میں ایک ہوٹل پر ناکام خودکش حملہ کیا تھا جس کے جواب میں سیکوریٹی فورسیس نے ملک بھر میں دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر دھاوے کئے تھے۔ اس دوران ایک عسکریت پسندوں کو ہلاک اور دیگر آٹھ کو گرفتار کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ پانچ موٹر گاڑیوں، 30 موبائیل فونس، ایک دستی بم، کمپیوٹر اور دھماکہ خیز مواد سے لدے ہوئے ایک ٹرک کو بھی ضبط کرلیا گیا۔ مقامی میڈیا نے کہا کہ القاعدہ سے تعلق رکھنے والے انصار الشریعہ انتہاء پسند گروپ کے لیڈر سیف اللہ بن حسین کو پکڑنے کیلئے یہ کارروائی شروع کی گئی تھی۔