ریاض ۔ 15 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) نئے سال 2014 ء کے آغاز پر سعودی عرب کی دارالسلطنت میں منشیات اسمگلنگ کرنے والے دو پاکستانی شہریوں کے سر قلم کردیئے گئے ۔ ملک کی وزارت داخلہ کے مطابق ایک پاکستانی شہری ابرار حسین کو اپنے پیٹ میں منشیات چھپاکر لانے کا مرتکب پایا گیا تھا جس کے بعد وہ سزائے موت کا مستوجب قرار دیا گیا تھا ۔ دوسری طرف گلف نیوز نے بتایا کہ شمال صوبہ قاطف میں زاہد خان نامی ایک دیگر پاکستانی کو بھی منشیات اسمگلنگ کے جرم میں سزائے موت دی گئی ۔ گزشتہ سال سعودی عرب میں 78 افراد کو سزائے موت دی گئی تھی ۔ سعودی عرب میں سخت اسلامی شرعی قوانین نافذ ہے جہاں بالعموم قتل، منشیات کی اسمگلنگ ، تشدد اور دہشت گردی جیسے جرائم پر سزائے موت دی جاتی ہے اور برسر عام مجرمین کے سر قلم کئے جاتے ہیں۔
ہم وطن کو ہلاک کرنے والے ہندوستانی کو دبئی میں سزائے موت
دبئی ۔ 15 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دبئی کی ایک عدالت نے ایک 28 سالہ ہندوستانی کو اپنے ایک ہم وطن کو گلا گھونٹ کر ہلاک کرنے اور اس کی نعش کو کچرے کے ڈبے میں پھینک دینے کا جرم ثابت ہوجانے کے بعد سزائے موت دی ہے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق ملزم نے جس شناخت صرف این ایس کی حیثیت سے کی گئی ہے، اس نے اپنے متوفی ہم وطن کو تین قسطوں میں 8500 درہم (2300 امریکی ڈالر) بطور قرض دیا تھا۔ گزشتہ سال مئی کے دوران دونوں کی دبئی کے علاقہ دیرہ میں ملاقات ہوئی تھی ۔ ایک گواہ نے کہا کہ دونوں کے درمیان بحث ہوگئی اور ملزم نے رسی سے اپنے ساتھی کا گلا گھونٹ دیا تھا۔